وَ یَوۡمَ نَحۡشُرُ مِنۡ کُلِّ اُمَّۃٍ فَوۡجًا مِّمَّنۡ یُّکَذِّبُ بِاٰیٰتِنَا فَہُمۡ یُوۡزَعُوۡنَ﴿۸۳﴾

۸۳۔ اور جس روز ہم ہر امت میں سے ایک ایک جماعت کو جمع کریں گے جو ہماری آیات کو جھٹلایا کرتی تھیں پھر انہیں روک دیا جائے گا۔

83۔ آیت کے سیاق سے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ قیامت سے قبل کا واقعہ ہے، کیونکہ قیامت کے دن سب کو جمع کیا جائے گا۔ وَّ حَشَرۡنٰہُمۡ فَلَمۡ نُغَادِرۡ مِنۡہُمۡ اَحَدًا ۔ (کہف: 47) جب کہ اس آیت میں ہر امت میں سے ایک ایک جماعت کو جمع کرنے کا ذکر ہے۔ اس لیے جب اس آیت کو قیامت کے دن پر محمول کیا جاتا ہے تو لوگوں کو مطلب سمجھ میں نہیں آتا اور ترجمہ میں تحریف کرنا پڑتی ہے۔