اَمۡ یَقُوۡلُوۡنَ افۡتَرٰىہُ ؕ قُلۡ فَاۡتُوۡا بِعَشۡرِ سُوَرٍ مِّثۡلِہٖ مُفۡتَرَیٰتٍ وَّ ادۡعُوۡا مَنِ اسۡتَطَعۡتُمۡ مِّنۡ دُوۡنِ اللّٰہِ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ﴿۱۳﴾

۱۳۔کیا یہ کہتے ہیں کہ اس نے (قرآن کو) خود بنایا ہے؟ کہدیجئے: اگر تم سچے ہو تو اس جیسی خود ساختہ دس سورتیں بنا لاؤ اور اللہ کے سوا جس جس کو بلا سکتے ہو بلا لاؤ۔

13۔ قرآن نے کئی بار چیلنج کیا ہے کہ اگر یہ قرآن کسی ایک انسان کا تصنیف ہے تو تمہارے درمیان بھی ایسا انسان موجود ہو گا جو ایسا کلام تصنیف کر سکے۔ ایک سے نہیں ہوتا تو پوری جماعت مل کر ایسا کلام بنا لائے جس میں انسانیت کے لیے ایک پیغام ہو اور دنیا و آخرت دونوں کی بھلائی ہو۔ مضمون بھی اسی طرح کا ہو اور ساتھ اسلوب کلام بھی یہی ہو۔لیکن بار بار چیلنج دینے کے باوجود تم ایسا کلام پیش نہیں کر سکتے تو تمہیں قبول کرنا ہو گا کہ یہ میرا نہیں اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔