قُلِ انۡظُرُوۡا مَاذَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ وَ مَا تُغۡنِی الۡاٰیٰتُ وَ النُّذُرُ عَنۡ قَوۡمٍ لَّا یُؤۡمِنُوۡنَ﴿۱۰۱﴾

۱۰۱۔ کہدیجئے: آسمانوں اور زمین میں نظر ڈالو کہ ان میں کیا کیا چیزیں ہیں اور جو قوم ایمان لانا ہی نہ چاہتی ہو اس کے لیے آیات اور تنبیہیں کچھ کام نہیں دیتیں۔

101۔ ایمان کا تعلق قلب سے ہے اور قلب جبر کی منطق کو نہیں سمجھتا۔ وہ دلیل فکر و استدلال اور عقل سے رام ہوتا ہے۔ لہذا اسے رام کرنے کے لیے فکر و نظر سے کام لیں۔ آسمانوں اور زمیں میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن پر غور و فکر کر کے انسان آسانی کے ساتھ اپنے رب تک پہنچ سکتا ہے۔ لیکن یہ سب اس شخص کے لیے ہے جو حسن نیت سے اپنی عقل کو بروئے کار لاتا ہے اور جو لوگ شروع سے یہ تہیہ کر رکھتے ہیں کہ ہم نے ایمان لانا ہی نہیں، ان کے لیے آیات اور تنبیہیں کچھ کام نہیں دیتیں۔