وَ مَا کَانَ اللّٰہُ لِیُضِلَّ قَوۡمًۢا بَعۡدَ اِذۡ ہَدٰىہُمۡ حَتّٰی یُبَیِّنَ لَہُمۡ مَّا یَتَّقُوۡنَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ﴿۱۱۵﴾

۱۱۵۔ اور اللہ کسی قوم کو ہدایت دینے کے بعد گمراہ نہیں کرتا یہاں تک کہ ان پر یہ واضح کر دے کہ انہیں کن چیزوں سے بچنا ہے، بتحقیق اللہ ہر چیز کا خوب علم رکھتا ہے۔

115۔اس آیت کے شان نزول میں آیا ہے کہ کچھ مسلمان بعض فرائض، واجبات کے نزول سے پہلے وفات پا گئے تو چند افراد رسول کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ جو افراد ان واجبات کو بجا نہیں لائے اور وفات پا گئے ان کا کیا انجام ہو گا؟ اس پر یہ آیت نازل ہوئی اور فرمایا: بیان احکام سے پہلے جو لوگ وفات پا گئے ہیں ان سے باز پرسی نہ ہو گی۔ باز پرسی کی صورت یہ ہے کہ لوگوں پر احکام واضح ہو گئے ہوں، حجت پوری ہو چکی ہو اس کے باوجود بلا عذر ان کو انجام نہ دیں۔