وَ اِنۡ اَحَدٌ مِّنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ اسۡتَجَارَکَ فَاَجِرۡہُ حَتّٰی یَسۡمَعَ کَلٰمَ اللّٰہِ ثُمَّ اَبۡلِغۡہُ مَاۡمَنَہٗ ؕ ذٰلِکَ بِاَنَّہُمۡ قَوۡمٌ لَّا یَعۡلَمُوۡنَ ٪﴿۶﴾

۶۔اور اگر مشرکین میں سے کوئی شخص آپ سے پناہ مانگے تو اسے پناہ دے دیں تاکہ وہ کلام اللہ کو سن لے پھر اسے اس کی امن کی جگہ پہنچا دیں،ایسا اس لیے ہے کہ یہ لوگ جانتے نہیں ہیں۔

6۔ اسلامی جنگوں کا مقصد اپنے نظریات کو جبر و اکراہ کے ساتھ دوسروں پر مسلط کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ جنگیں جبر و اکراہ کے خلاف لڑی گئی تھیں۔ جیسے ہی جبر کی یہ رکاوٹ دور ہو جائے اسلام آزادانہ غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور نہ صرف امن فراہم کرتا ہے بلکہ اسے اپنی پناہ گاہ تک پہنچا دیتا ہے۔