اِنۡ تَسۡتَفۡتِحُوۡا فَقَدۡ جَآءَکُمُ الۡفَتۡحُ ۚ وَ اِنۡ تَنۡتَہُوۡا فَہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ ۚ وَ اِنۡ تَعُوۡدُوۡا نَعُدۡ ۚ وَ لَنۡ تُغۡنِیَ عَنۡکُمۡ فِئَتُکُمۡ شَیۡئًا وَّ لَوۡ کَثُرَتۡ ۙ وَ اَنَّ اللّٰہَ مَعَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ﴿٪۱۹﴾

۱۹۔ (کافروں سے کہدو کہ) اگر تم فیصلہ چاہتے ہو تو فیصلہ تمہارے سامنے آ گیا اب اگر تم باز آ جاؤ تو تمہارے لیے بہتر ہے اور اگر تم نے (اس جرم کا) اعادہ کیا تو ہم بھی (اس سزا کا)اعادہ کریں گے اور تمہاری جماعت کثیر ہو بھی تو تمہارے کسی کام نہ آئے گی اور اللہ مومنوں کے ساتھ ہے۔

19۔ روایت میں آیا ہے کہ ابوجہل نے جنگ بدر کے موقع پر یہ دعا کی تھی: اے اللہ! ہمارے قدیم دین اور محمد کے جدید دین میں سے جس سے تجھے محبت ہے اور جس کو تو پسند کرتا ہے اس کے ماننے والوں کی نصرت فرما۔ (مجمع البیان) چنانچہ اللہ نے اپنے پسندیدہ دین کی نصرت فرمائی اور مستقبل میں مومنوں کے لیے دائمی فتح اور کافروں کے لیے دائمی شکست کی نوید بھی سنائی۔