قَالَ اخۡرُجۡ مِنۡہَا مَذۡءُوۡمًا مَّدۡحُوۡرًا ؕ لَمَنۡ تَبِعَکَ مِنۡہُمۡ لَاَمۡلَـَٔنَّ جَہَنَّمَ مِنۡکُمۡ اَجۡمَعِیۡنَ﴿۱۸﴾

۱۸۔ فرمایا: تو یہاں سے ذلیل و مردود ہو کر نکل جا، ان میں سے جو بھی تیری اتباع کرے گا تو میں تم سب سے جہنم کو ضرور بھر دوں گا ۔

12 تا 18۔ اَنَا خَیۡرٌ مِّنۡہُ : ابلیس نے صریح نص کے مقابلے میں ذاتی رائے، امر الٰہی کے خلاف اپنا اجتہاد، حکمت الٰہیہ کے مقابلے میں اپنا فلسفہ اور خالق کے دستور کے مقابلے میں اپنی منطق پیش کی اور اَنَا خَیۡرٌ مِّنۡہُ کا نعرہ بلند کر کے ایک باطل قیاس کو رواج دیا اور غیر منطقی استدلال کی روش کی ابتدا کی۔

ابو نعیم نے حلیۃ الاولیاء میں، دیلمی نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے، انہوں نے اپنے پدر بزرگوار سے اور انہوں نے اپنے جد بزرگوار سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اول من قاس برأیہ ابلیس قال اللّٰہ تعالیٰ لہ اسجد لآدم فقال: انا خیرمنہ قال جعفر: فمن قاس امر الدین برأیہ قرنہ اللّٰہ تعالی یوم القیمۃ ابلیس (المنار8:331، تفسیر مراغی 8:112) ”دینی معاملہ میں سب سے پہلے ابلیس نے قیاس کو اپنایا۔ اللہ نے اسے حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کر۔ اس نے کہا: میں اس سے بہتر ہوں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا جو دینی امر میں قیاس کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن ابلیس کے ساتھ کر دے گا۔“ اسی عبارت کے قریب ایک روایت حضرت ابن عباس سے بھی مروی ہے۔ ملاحظہ ہو تفسیر قرطبی 7 :171، تفسیر ابو حیان 5:18۔

سود کے بارے میں منکرین کا قیاس قرآن نے نقل کیا ہے جو کہتے تھے اور کہتے ہیں: اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا (بقرۃ :275) ”خرید و فروخت بھی تو سود ہی کی طرح ہے۔“ ذبیحہ کے بارے میں مشرکین مکہ قیاس کرتے تھے کہ کیا وجہ ہے کہ جسے تم لوگوں نے مارا ہے (ذبیحہ) وہ تو حلال ہو اور جسے اللہ نے مارا ہے (مردار) وہ حرام ہو؟