وَ رُسُلًا قَدۡ قَصَصۡنٰہُمۡ عَلَیۡکَ مِنۡ قَبۡلُ وَ رُسُلًا لَّمۡ نَقۡصُصۡہُمۡ عَلَیۡکَ ؕ وَ کَلَّمَ اللّٰہُ مُوۡسٰی تَکۡلِیۡمًا﴿۱۶۴﴾ۚ

۱۶۴۔ ان رسولوں پر (وحی بھیجی) جن کے حالات کا ذکر ہم پہلے آپ سے کر چکے ہیں اور ان رسولوں پر بھی جن کے حالات کا ذکر ہم نے آپ سے نہیں کیا اور اللہ نے موسیٰ سے تو خوب باتیں کی ہیں۔

164۔ یعنی اس سورے سے پہلے نازل ہونے والی مکی سورتوں میں جن انبیاء کا ذکر آیا ہے، ان کے علاوہ وہ انبیاء جن کا ذکر باقی سورتوں میں آیا ہے اور وہ انبیاء جن کا ذکر قرآن میں نہیں آیا۔ جبکہ اللہ تعالیٰ نے ہر قوم کی طرف ایک نبی بھیجا ہے۔ قرآن میں تقریباً 26 انبیاء کا صریحاً ذکر ہے اور بعض انبیاء کا نام لیے بغیر اشارۃً ذکر فرمایا ہے۔ اکثر روایات کے مطابق انبیاء کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار ہے، جن میں سے تین سو تیرہ مرسل اور پانچ اولوالعزم ہیں۔ حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ، حضرت عیسیٰ علیہم السلام اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ۔