اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰۤی اٰدَمَ وَ نُوۡحًا وَّ اٰلَ اِبۡرٰہِیۡمَ وَ اٰلَ عِمۡرٰنَ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ ﴿ۙ۳۳﴾

۳۳۔ بے شک اللہ نے آدم، نوح، آل ابراہیم اور آل عمران کو تمام عالمین پر برگزیدہ فرمایا ہے۔

33۔ نوح :حضرت نوح علیہ السلام بن لامنح پہلے صاحب شریعت، صاحب کتاب اور اولوالعزم رسول ہیں۔ آپ علیہ السلام حضرت آدم علیہ السلام کے بعد دوسرے ابو البشر ہیں۔ یعنی طوفان کے بعد موجودہ انسانی نسل کے ابو البشرآپ علیہ السلام ہیں۔ حضرت آدم علیہ السلام کی دسویں پشت میں سے تھے۔ آپ علیہ السلام موجودہ عراق کے بالائی علاقے کے رہنے والے تھے۔ 950 سال زندگی گزاری۔

عمران: اس نام کی دو شخصیات گزری ہیں۔ ایک حضرت موسیٰ علیہ السلام کے والد، بائبل میں ان کا نام عمرام آیا ہے اور دوسری حضرت مریم (س) کے والد ماجد۔ اس آیہ شریفہ میں دونوں عمران مراد لیے جا سکتے ہیں۔ تاہم قرین قیاس یہ ہے کہ مراد حضرت مریم (س) کے والد ماجد ہوں، کیونکہ سلسلہ کلام حضرت مریم اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کے بارے میں ہے۔ اناجیل میں حضرت مریم کے والدین کا نام مذکور نہیں ہے۔ تاہم مسیحی روایت میں حضرت مریم (س) کے والد کا نام یوآخیم آیا ہے۔