یٰۤاَیُّہَا النَّبِیُّ اتَّقِ اللّٰہَ وَ لَا تُطِعِ الۡکٰفِرِیۡنَ وَ الۡمُنٰفِقِیۡنَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا ۙ﴿۱﴾

۱۔ اے نبی اللہ سے ڈریں اور کفار اور منافقین کی اطاعت نہ کریں، اللہ یقینا بڑا جاننے والا، حکمت والا ہے۔

1۔ مجمع البیان اور الدر المنثور میں آیا ہے کہ قریش کے چند افراد ابوسفیان کی سرکردگی میں حضور ﷺ سے امان لے کر مدینہ آئے اور مدینہ کے منافقین بھی ان کے ساتھ ہم آواز ہوئے اور بولے: اے محمد ﷺ! آپ ہمارے معبودوں کو کچھ نہ کہیں۔ ہم آپ ﷺ کے رب کو کچھ نہیں کہیں گے۔ رسول اللہ ﷺ پر یہ بات شاق گزری۔ تب یہ آیت نازل ہوئی۔